لاڑکانہ(بیورورپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکرٹری، رکن پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی جمیل احمد سومرو نے کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو کا قاتل اور سہولت کاری کرنے والا سابق آمر مشرف ملک سے فرار ہے، انہوں نے نہ صرف سازش کی بلکہ وہ دیگر قتل میں بھی ملوث ہیں جنہیں کورٹ نے بھی غدار قرار دیا ہوا ہے، جمیل سومرو کا کہنا ہے کہ بینظیر بھٹو کے قتل میں جو استعمال ہوئے ان میں سے کئی مارے جا چکے ہیں، پی ڈی ایم رہنما ہمارے ساتھ تھے تو شہید بینظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کی تھی اب ہمارے ساتھ نہیں ان کی مرضی ہے آئین یا نہ آئیں، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری 27 دسمبر کو جلسہ عام سے اہم خطاب کریں گے، سیلابی صورتحال کے باوجود لاکھوں عوام جلسہ میں شریک ہونگے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کئی ممالک کے دورے کیے اور سفراء سے ملاقاتیں کیں ہیں ان کے پاس اہم معلومات بھی ہیں، جس کے ساتھ وہ عالمی ممالک سے تعلقات اور ملکی سیاسی حالات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔