واشنگٹن( نمائندہ خصوصی )امریکا کو اس وقت اپنی تاریخ کے بدترین برفانی طوفان کا سامنا ہے جس سے معمولات زندگی ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں اور اب تک 9 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔عالمی میڈیاکے مطابق امریکی ریاستوں اوہائیو، کینٹکی، میزوری اور کنساس میں برفانی طوفان نے تباہی مچادی۔ ان ریاستوں میں درجہ حرارت منفی 40 ڈگری تک جانے کی پیشن گوئی ہے جبکہ اب تک 5 ہزار پروازیں منسوخ اور 22 ہزار تاخیر کا شکار ہیں۔ 13لاکھ افراد بجلی سے محروم ہوگئے۔ جارجیا، نارتھ کیرولائنا اور نیویارک میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔برفباری کے باعث ٹریفک حادثات میں 50 سے زائد کاریں تباہ ہوگئیں اور دو موٹر سائیکلسٹ ہلاک ہوگئے۔ اسی طرح فارم ہاﺅسز میں 25کے قریب مویشیوں کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔