کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے 25 دسمبر بانی پاکستان کے یومِ ولادت پر پیغام میں کہاہے کہ 25 دسمبر ہمیں مسلمانان برصغیر کے لئے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی جمہوری و قانونی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے،قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں جدوجہد سے مسلمانان برصغیر کو آزاد و خود مختار مملکت میسر آئی۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح نے قانون کی بالادستی کے لئے دلیل کی طاقت سے سیاست کی، انہوں نے کہا کہ قائدِ اعظم کے طرزِ سیاست کی پیروی سے ہی ملک میں جمہوری اقدار مستحکم ہونگی ۔ شرجیل انعام میمن نے کہاکہ قائد اعظم کی ساری زندگی اصولوں کی سیاست سے عبارت ہے، قائد اعظم کے یومِ ولادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔