اسلام آباد /کوئٹہ(نمائندہ نمائندہ خصوصی )محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے شمالی بلوچستان کےلئے موسم خراب ہونے کا الرٹ جاری کر دیا جہاں کئی علاقوں کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی گرگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان میں مغربی سسٹم کے داخل ہوگئیں جو صوبے میں بارش اور برف باری کا سبب بن سکتی ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مغربی سسٹم کے بلوچستان میں داخل ہونے سے ملک بھر میں سردی کی نئی لہر متوقع ہے۔محکمہ موسمیات نے چمن، زیارت، قلعہ عبداللّٰہ، پشین، قلعہ سیف اللّٰہ میں برف باری پر الرٹ جاری کر دیا اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی ویز اور لنک روڈز پر محدود آمد و رفت کے لیے اقدامات کی ہدایات دی ہیں۔کوئٹہ سے قلعہ سیف اللّٰہ ژوب ہائی وے کے برفیلے موسم سے شدید متاثر ہونے کا امکان ہے۔برفباری سے کوژک ٹاپ، کان مہتر زئی، زیارت، لکپاس میں بھی ہائی ویز کے متاثر ہونے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان میں سال کے اختتام اور نئے سال کے آغاز پر ریکارڈ سردی پڑنے کا امکان ہے۔زیارت، قلات، پشین، مستونگ سمیت کئی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا۔کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5، قلات میں منفی7، زیارت میں منفی 5، مستونگ میں منفی 3، پشین میں منفی 4 ، پنجگور میں 3 اور سبی میں 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔بلوچستان کے اکثر اضلاع میں موسم سرد اورجزوی ابر آلود رہنے جبکہ صوبے کے شمالی اضلاع میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔کوئٹہ، چمن، زیارت، ڑوب اور گردو نواح میں ہلکی بارش اور برف باری کا امکان بھی ہے۔دوسری جانب سندھ، پنجاب اور خیبرپختون خوا کے متعدد علاقے گہری دھند کی لپیٹ میں آگئے ہیں،ایم ون اسلام آباد سے پشاور، ایم 2 ٹھوکر نیاز بیگ سے کوٹ مومن اور موٹر وے ایم 4 شیر شاہ سے شام کوٹ تک بند کردی گئی جبکہ ایم فائیو شیر شاہ سے روہڑی تک بند رہی ،لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 بھی ٹریفک کیلئے بند رہی ۔ گہری دھند کی وجہ سے سوات ایکسپریس وے کرنل شیر خان تا اسماعیلہ تک ٹریفک کیلئے بند رہی۔