اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے نیشنل پولیس بیورو نے پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ”پولیس شہدا میموریل شوٹنگ مقابلوں‘ کا انعقاد کیا۔
تقریب میں سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر کی پولیس ٹیموں سمیت، فرنٹیئر کانسٹیبلری، نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس، پاک ریلوے پولیس، اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری پولیس کے شوٹرز نے حصہ لیا اور اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا۔
ڈائریکٹر جنرل نیشنل پولیس بیورو ڈاکٹر نجف قلی مرزا افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جہاں شہید پولیس افسر کے بیٹے نے فائر کر کے مقابوں کا آغاز کیا۔
سابق آئی جی پولیس افضل علی شگری اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے جیتنے والے اہلکاروں میں میڈلز اور انعامات تقسیم کئے۔سندھ پولیس کی نمائندگی کرنے والی ایس ایس یو کمانڈوز کی ٹیم نے نمایاں مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شوٹنگ مقابلوں کی مختلف (مرد و خواتین) کیٹگریز میں 02 گولڈ، 02 سلور اور 04 برانز کیساتھ مجموعی طور پر 08میڈل اپنے نام کیے۔
10 میٹر پسٹل کیٹیگری میں ایس ایس یو لیڈی کمانڈو سدرہ حسن اور 200 میٹر سنائپر کیٹگری میں کمانڈو عبدالشکور نے سونے کے تمغے حاصل کیے جبکہ 15 میٹر پسٹل شوٹنگ خواتین/مرد کیٹیگریز میں ایس ایس یو لیڈی کمانڈو ریجا المانی اور کمانڈو عبدالشکور نے بالترتیب سلور میڈل حاصل کیا۔
اس کے علاوہ 15 میٹر پسٹل، 100 میٹر جی تھری رائفل اور 200 میٹر اسنائپر رائفل کیٹیگری میں کمانڈو مدثر علی نے کانسی اور 35 میٹر پسٹل شوٹنگ کیٹیگری میں کمانڈو عبدالشکور نے کانسی کے تمغے جیتے۔
ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے ایس ایس یو کمانڈوز کی جیتنے والی شوٹنگ ٹیم کو مبارکباد دی اور ان کی مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔