لاہور (نمائندہ خصوصی ) شدید دھند کے باعث ریلوے کا سسٹم بھی بری طرح متاثر ہو گیا ، کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے والی متعدد ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا جبکہ میانوالی ایکسپریس حادثے کا شکار ہو گئی ۔تفصیلات کے مطابق شدید دھند کے باعث جہاں نظام زندگی شدید متاثر ہو رہا ہے وہاں ریلوے کا سسٹم بھی بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔ گزشتہ روز کراچی اور کوئٹہ سے لاہور آنے والی متعدد ٹرینیں گھنٹوں تاخیر کا شکار رہیں ۔ کراچی سے آنے والی کراچی ایکسپریس 7 گھنٹے ،علامہ اقبال ایکسپریس 6 گھنٹے،تیزگام ایکسپریس 5گھنٹے 55منٹ ،ملت ایکسپریس 5گھنٹے 50منٹ ،پاک بزنس 5گھنٹے 30منٹ ،رحمان بابا ایکسپریس 5گھنٹے 20منٹ ،جعفر ایکسپریس 4گھنٹے 20منٹ ،قراقرم ایکسپریس 2گھنٹے 40منٹ ،خیبر میل ایکسپریس 2گھنٹے 50منٹ تاخیر کا شکار رہی ۔ٹرینیں لیٹ ہونے سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔دوسری جانب ایک ہفتے میں تیسرا ریل حادثہ پیش آیا ۔ میانوالی ایکسپریس صفدر آباد یارڈ انجن سمیت پاور پلانٹ سینڈ ھمپ میں گھسا۔حادثہ اے ایس ایم کی غفلت کے سبب پیش آیا۔