واشنگٹن (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ افغانستان کو بتادیا ہے کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان کے لیے ریڈ لائن ہے، اگر ثابت ہوا کہ افغان طالبان ٹی ٹی پی کو روک نہیں رہے تو ہمارے تعلقات ان سے ٹھیک نہیں رہیں گے۔واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اگر افغان طالبان کو شدت پسندوں کے خلاف آپریشن میں مدد کی ضرورت ہو تو فراہم کریں گے۔ افغانستان میں طالبان اپنے وعدے پورے نہیں کر رہے، افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دیگر گروہ مضبوط ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے لیے امریکا کے ساتھ تعاون پر کوئی نیا معاہدہ نہیں ہوا۔بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ امریکا میں سفارت خانے کی زیر ملکیت عمارت فروخت ہونا ضروری ہے۔ انتخابات وقت پر ہی ہوں گے، عمران خان اس لیے قبل از وقت انتخابات چاہتے ہیں تاکہ دھاندلی میں مدد مل سکے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوامیں دہشت گردی عمران خان کی پالیسیوں کی وجہ سے پھیلی، پی ٹی آئی حکومت نے کے پی پرتوجہ دی ہوتی تو آج یہ حالات نہ ہوتے، کوئی سیاسی جماعت اور ادارہ عمران خان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئے گا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے، عمران خان ایک خاص وجہ کیلئے جلد انتخابات چاہتے ہیں، وہ چاہتے ہیں خاص جگہوں پر موجود ان کے حمایتی انتخابات میں مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے، رواں سال ریکارڈ بارشیں پاکستان میں سیلاب کا باعث بنیں جس سے 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ انسداد دہشت گردی سمیت دیگر معاملات پر بات ہوئی۔