اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سیاسی قیادت کی جانب سے بلوچستان کے عوام کے ساتھ نچلی سطح پر روابط بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ جمعرات کو جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے تعلیمی دورے پر آئے کیڈٹ کالج کوہلو ، بلوچستان کے کیڈٹس نے ملاقات کی جس میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ سیاسی قیادت کی جانب سے بلوچستان کے عوام کے ساتھ نچلی سطح پر روابط بڑھانے کی ضرورت ہے ۔ صدر مملکت نے کہاکہ بلوچستان کی ترقی کیلئے اس کے انسانی اور قدرتی وسائل پر سرمایہ کاری کرنا ہوگا۔ صدر مملکت نے کہاکہ قومی اور صوبائی قیادت عوام کے ساتھ مضبوط سیاسی تعلقات استوار کرے ، بلوچستان کے نوجوانوں کو صوبائی اور قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کی ضرورت ہے ۔ عارف علوی نے کہاکہ بلوچستان معدنیات سے مالا مال صوبہ ہے ، لوگ با صلاحیت اور بہادر ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ریکوڈک سمیت دیگر منصوبے بلوچستان کو مختصر عرصے میں خوشحال بنا سکتے ہیں، بلوچستان کے قدرتی وسائل کو بہترین عالمی طریقہ کار اپنا کر ترقی دی جا سکتی ہے۔صدر مملکت نے کہاکہ اقربا پروری اور بدعنوانی کا خاتمہ ، میرٹ اور شفافیت کا فروغ قوم کی تعمیر کےلئے ضروری ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ، ذاتی مفادات اور انا کو ترک کرنا چاہیے، سائنس و ٹیکنالوجی، مناسب پرورش اور اپنی آنے والی نسلوں کی کردار سازی پر توجہ دینی چاہیے۔ صدر مملکت نے کہاکہ سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل مالی ، سماجی اور اقتصادی استحکام کے حصول ، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کی کنجی ہے۔انہوںنے کہاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز اپنی انا اور انتہائی رویے کو ایک طرف رکھیں، عظیم تر قومی مفاد کو مقدم رکھیں ۔ انہوںنے کہاکہ طلباءزندگی بھر علم کے حصول کو جاری رکھیں، اپنی صلاحیتوں کو مسلسل نکھاریں ، طلباءاپنی اخلاقی اور خاندانی اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے صحیح ترجیحات کا تعین کریں۔ صدر مملکت نے معیاری گریجویٹس تیار کرنے پر پاکستان کے کیڈٹ کالجز کی تعریف کی۔