اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی نے ڈی جی رینجرز اور آئی جی ایف سی نارتھ کی اجلاس میں غیرحاضری پر ناراض ہوتے ہوئے آرمی چیف سے شکایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جمعرات کو پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میںڈی جی رینجرز، آئی جی ایف سی نارتھ کی عدم موجودگی پر کمیٹی نے اظہار ناراضی کیا۔پی اے سی کمیٹی نے ڈی جی رینجرز کی غیر حاضری کے باعث رینجرز کے پیراز لینے سے انکار کردیا۔ چیئرمین کمیٹی نور عالم خان نے کہا کہ رینجرز کے پیراز انتہائی تشویش والے ہیں لیکن ڈی جی رینجرز نہیں آئے،ڈی جی رینجرز، آئی جی ایف سی نارتھ کی غیر حاضری پر آرمی چیف کو آگاہ کیا جائے۔پی اے سی (پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی)کی جانب سے سیکریٹری داخلہ پر بھی اظہار ناراضی کرتے ہوئے طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا۔