کراچی ( بیورو رپورٹ ) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے میرا تعاون ہر ایک کے ساتھ رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہاﺅس میں JDC اور حورا فارما کے درمیان مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میںJDCکے رہنما ظفر عباس،صدروسی ای او حورا فارمیسی عبد الرشید چوہان سمیت دیگر بھی شریک تھے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ آج ہم سب یہاں ایک انتہائی نیک مقصد کے لئے جمع ہیں،اس اہم فلاحی منصوبہ پر JDC اور حورا فارمیسی کو مبارک باد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ ڈائیلاسز، اور تھیلسیمیا کے علاج کے اخراجات عام آدمی برداشت نہیں کرسکتا ہے اس لئے ڈائیلاسز اور تھیلسمیا سینٹر بنانے کے اقدامات اٹھانا قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ JDC فلاحی خدمات انجام دینے والا سرفہرست ادارہ بن چکاہے، آج JDCکے روح رواں ظفر عباس کسی تعارف کے محتاج نہیں، ظفر عباس کی کرشماتی شخصیت ناممکن کو ممکن بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔