پسنی( نمائندہ خصوصی ) ضلع گوادر کے ساحلی شہر پسنی کے نواحی علاقے سر دشت میں پاک فوج کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد, مریضوں کا مفت طبی معائنہ، تشخیص اور ادویات کی فراہم کی گئی
بلوچستان کے دور افتادہ اورپسماندہ علاقوں میں بنیادی صحت کے مخدوش حالات کے پیش نظر معیاری صحت کی سہولیات کی بروقت فراہمی اور عوام تک انکی بہتر رسائی کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے پاک فوج پرعزم اور ہمہ وقت کوشاں ہے_ اس سلسلے میں ضلع گوادر کےساحلی شہر پسنی کے نواحی علاقے وادی سردشت کے عبداللہ بازار میں ایک روزہ فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا -میڈیکل کیمپ میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے بیماریوں خصوصاً جلدی امراض سے بچاؤ اور ان سے نبرد آزما ہونے کے بارے میں آگاہی, مریضوں کا طبی معائنہ، تشخیص اور مفت ادویات فراہم کیں_ سینکڑوں مریض بشمول خواتین اور بچے میڈیکل کیمپ سے مستفید ہوئے_ مکران کی ساحلی پٹی کے بیشتر اضلاع میں پاک فوج کی جانب سے منعقد فری میڈیکل کیمپس سے اب تک ہزاروں مریض مستفید ہوچکے ہیں جن میں خواتین اور بچوں کی ایک کثیر تعداد شامل ہے۔ مقامی افراد نے پاک فوج کی جانب سے بروقت صحت کی سہولیات کی فراہمی کو سراہا ۔