اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) وفاقی حکومت نے موجودہ حالات کے پیش نظر صوبہ پنجاب میں رینجرز اور ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پنجاب میں امن وامان سے متعلق امور سرانجام دیں گے۔ ذرائع کے مطابق رینجرز اور ایف سی صوبے میں آئین اور قانون کی عمل داری سے متعلق امور سر انجام دینگے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو امن وامان قائم رکھنے سے متعلق خصوصی ہدایت جاری کی ہے۔اس کے علاوہ وزیرداخلہ نے عوام کے جان ومال کی حفاظت کے فرائض آئین کے مطابق ادا کرنے کا کہا، وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ کوئی بھی سرکاری آفیسر یا اہلکار آئین کے برعکس کسی بھی عمل کا حصہ نہ بنے۔ واضح رہے کہ گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے اسپیکر صوبائی اسمبلی سبطین خان کی رولنگ مسترد کرتے ہوئے آرٹیکل 130 کی شق 7 کے تحت حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر کی رولنگ اسمبلی کے قاعدہ 209 کی خلاف ورزی ہے، اسپیکر نے پوائنٹ آف آرڈر پر نہیں بلکہ رولنگ اپنے دفتر میں دی، 20 دسمبر کے اسمبلی اجلاس کے دوران کوئی پوائنٹ آف آرڈر نہیں اٹھایا گیا۔
حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب کے حکم کے بعد جاری اسمبلی اجلاس کو ملتوی کرنا اسپیکر کی ذمہ داری تھی جبکہ اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے اجلاس طلب کرنا بھی اسپیکر کی ذمہ داری تھی۔