ژوب ( نمائندہ خصوصی )
بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایف سی بلوچستان (نارتھ) کی جانب سے مسلسل میڈیکل کیمپس کا انعقاد جاری ہے۔ میڈیکل کیمپس میں فری چیک اپ کے ساتھ ساتھ فری ادویات اور بلڈ ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اسی اثناء میں ایف سی بلوچستان (نارتھ) کا سول انتظامیہ کے ہمراہ کوہلو کے علاقے مست توکلی اور ژوب کے نواحی علاقے سمبازہ میں فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا۔ میڈیکل کیمپس میں کل 644 مقامی مریضوں کا معائنہ کیا گیا جن میں 234 مرد، 240 بچے اور 170 خواتین شامل تھیں۔ تمام مریضوں کو طبی معائنہ کے ساتھ مفت ادویات، بلڈ ٹیسٹ اور مائینر آپریشنز کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ مقامی عمائدین نے فری میڈیکل کیمپس کے قیام اور دیگر سہولیات فراہم کرنے پر ایف سی بلوچستان کی کاوشوں کو سراہا اور اسے عوام کے لئے ایک بڑا رلیف قرار دیا۔