ملتان (نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مہنگائی کے ذمہ دار موجودہ حکمران ہیں، اسحاق ڈار اور مفتاح اسماعیل معاشی بحران کی ذمہ داری ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں، اس وقت مہنگائی ملکی تاریخ کی ریکارڈ سطح پر ہے، عوام فیصلہ کریں کہ گزشتہ 7ماہ میں مہنگائی میں اضافہ ہوایا ساڑھے تین سال میں،عوام سے دو وقت کی روٹی کھانا اور گھر کا چولہا جلانا مشکل ہو گیا ہے، پیاز‘ ٹماٹر‘ گھی کی قیمتیں کنٹرول سے باہر ہیں، کسان پریشان ہیں،تاجر پریشان ہیں،صنعتیں بند پڑی ہیں، بے روزگاری عروج پر ہے، ہر شخص مہنگائی سے تنگ ہے، تمام ملکی بحرانوں کے ذمہ دار پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اور موجودہ حکمران ہیں،ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا واحد حل فوری اور شفاف انتخابات ہیں،تب ہی ملک بحرانوں سے نکل سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 156 میں تغلق ٹاو¿ن فلائی اوور کے سنگ بنیاد کے بعد عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک،اراکین صوبائی اسمبلی ندیم قریشی، حاجی جاوید اختر انصاری، صوبائی معاون خصوصی رانا عبدالجبار، شیخ ندیم قریشی، چوہدری ارشد، قربان فاطمہ، شازیہ وحید ارائیں، بن یامین ساجد، ملک اختر بھٹہ، اورنگزیب بلوچ، سجاد انصاری، مہر اکرم چاون، چوہدری ارشد تغلق روڈ کے تاجروں عمائدین شہر اور پی ٹی آئی کارکنوں کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ انہوں نے کہا عمرن خان کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں، انہیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان چوروں اور لٹیروں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں، عمران خان نے لٹیروں کو این آر او ٹو دینے سے انکار کیا، عمران خان کو ایک سازش کے ذریعے اقتدار سے الگ کردیا گیاانہوںنے کہاکہ چوروں نے اقتدار میں آنے کے بعد 11سو ارب کرپشن کے مقدمات ختم کروائے جس مقصد کیلئے وہ لوگ اقتدار میں آئے اس مقصد میں کامیاب رہے، پاکستان کی عوام نے اقتدار سے علیحدگی کے بعد عمران خان کا ساتھ دیا۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان نے ملک گیر دورے اور جلسے کئے،لانگ مارچ میں عوام نے ان کی بھر پور پذیرائی کی، امپورٹڈ اور نا اہل حکمرانوں کی 7ماہ کی کارکردگی کی بدولت عوام میں ان کی مقبولیت کم ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کی مقبولیت روز بروز بڑھ رہی ہے جس سے یہ لوگ خائف ہو چکے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ جنرل الیکشن میں شکست کھاتے دیکھ کر یہ لوگ الیکشن سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں لیکن ان کو الیکشن سے راہ فرار اختیار نہیں کرنے دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ قوم کاایک مطالبہ فوری اور شفاف الیکشن جو کہ ملک کی ضرورت ہیں،امپورٹڈ حکمرانوں کو گھر جانا ہوگا۔ فوری اور شفاف انتخابات کا اعلان کرنا ہوگا ورنہ عوام کا سمندر انہیں بہا کر لے جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سالہ دورہ حکومت میں دو سال سخت مشکلات کے کاٹے،کرونا کی وجہ سے معیشت مشکل میں تھی لیکن اس کے باوجود مہنگائی کو بھی کنٹرول کیا۔ عوام کی زندگیاں بھی بچائیں۔ انہوںنے کہاکہ ملکی معیشت کا پہیہ بھی چلتا رہا،عوام کو ریلیف بھی دیا، عوام فیصلہ کریں امپورٹڈ اور نا اہل حکمرانوں نے 7ماہ میں عوام کو کیا دیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا دامن صاف ہے کرپشن کا کوئی الزام نہیں،کوئی شخص انگلی نہیں اٹھا سکتا۔ انہوںنے کہاکہ جب بھی موقع ملا خلوص نیت سے تمام توانائیاں عوامی ترقی پر صرف کیں اور آئندہ بھی صرف کریں گے۔