کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور وفاقی وزیر برائے آئی ٹی امین الحق نے گورنرہاﺅس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق میئر کراچی وسیم اختراورخواجہ اظہار الحسن بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال،صوبہ کے ترقیاتی منصوبوں،سندھ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے اقدامات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال اورڈیجیٹل اکانومی کے فروغ ، گوگل وفد سے ملاقات اور آئی ٹی سرمایہ کاری سمیت دیگر امور پر بھی بات چیت کی گئی۔ وفاقی وزیر نے گوگل وفد سے ملاقات میں ہونے والے فیصلوں سے گورنرسندھ کو آگاہ کیا۔ گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی میں آئی ٹی پارک کا قیام خوش آئندہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن کی سرمایہ کاری قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر کی آئی ٹی کے فروغ میں بھرپور دلچسپی قابل فخر ہے، امید ہے کہ آئی ٹی کے فروغ سے روزگار کے وسیع مواقع حاصل ہوں گے۔وفاقی وزیر امین الحق نے کہا کہ آئی ٹی کے فروغ کے ثمرات جلد سامنے آئیں گے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آئی ٹی کے فروغ سے سرمایہ کاری میں انقلاب آئے گا۔