کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اس وقت 7 بج رہے ہیں اور 25 منٹس بعد اسیمبلیاں توڑنے کا اعلان ہونے جا رہا ہے، لیکن 25 منٹس پہلے میرا اندازہ ہے کہ دکھانے کے دانت اور کھانے کے دانت اور ہیں ۔ عمران خان میں مجال ہی نہیں کہ وہ اسیمبلیاں توڑ سکیں کیونکہ ان کی روزی روٹی پنجاب حکومت سے چل رہی ہے، عمران خان صرف attention seeker ہیں اور عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹانا چاہتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے سالانہ حلیم دعوت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اطلاعات ہیں کہ عمران خان کے اپنے اتحادی کہہ رہے ہیں کہ عمران خان بے وقوف اور کم عقل ہیں جس کو سیاست کرنا آتی ہی نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں پنجاب اور خیبرپختونخوا والے حکومت گرانے کے حق میں نہیں ہیں ، کیونکہ ان کو پتہ ہے کہ عمران خان مفاد پرست سیاستدان ہیں جس نے ‘ میں ، میں اور میں ‘ کی ایک ہی رٹ لگائی ہوئی ہے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کی آج بھی خواہش ہے کہ وہ وزیر اعظم بن جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پہلی اور آخری مرتبہ وزیراعظم بنے تھے ۔ کیونکہ عوام ایسے نااہل شخص جس نے ملک کی معیشت کو تباہ و برباد کرنے میں میں کوئی کسر نہیں چھوڑی واپس ان کو کبھی منتخب نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں لگتا کہ پرویز الہی جس کو عمران خان پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو کہتے تھے وہ عمران خان کے کہنے پر پنجاب اسمبلی توڑ دیں گے ۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عمران خان کو عنقریب بڑے اور اچھے سیاسی سرپرائز ملیں گے ۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزاد صحافت کے لیے جدوجہد کی ہے اور صحافیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے عملی اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس ہو ، رہائشی مسائل ، گرانٹس سمیت لانگ ٹرم پالیسیاں ہوں پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے بڑھ چڑھ کر کام کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان میں سندھ واحد صوبہ ہے ، جس نے نہ صرف جرنلسٹس پروٹیکشن بل اسمبلی سے منظور کروایا بلکہ جرنسلٹس پروٹیکشن کمیشن بھی نوٹیفائی کردیا ہے اور سینئر صحافیوں کے مشورے پر اچھی شہرت کی حامل شخصیت جسٹس ریٹائرڈ رشید اے رضوی کو کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں صحافیوں کو ملازمتوں سے فارغ کیا گیا ۔ ماضی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کا میڈیا ٹرائل کیا گیا ، لیکن پیپلز پارٹی نے برداشت کا مظاہرہ کیا اور کبھی بھی میڈیا سے لڑائی نہیں کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے عہدیداران صدر اعجاز شیخ ، جنرل سیکریٹری عاجز جمالی ، اور دیگر کو سندھ حکومت کی جانب سے 50 لاکھ روپے کی سالانہ گرانٹ کا چیک پیش کیا ۔ تقریب میں صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی ، جرنل سیکریٹری محمد رضوان بھٹی ، سینیئر صحافی اور پی ایف یو جے کے جی ایم جمالی اور دیگر بڑی تعداد میں موجود تھے ۔