لاہور( اسپورٹس رپورٹر )
پرائم منسٹرز یوتھ پروگرام کے تحت ہائیرایجوکیشن کمیشن نے فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، راولپنڈی کے اشتراک سےگلگت بلتستان کی لاہور میں رہائش پذیر ہاکی کی خواتین کھلاڑیوں کے ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کے ٹرائلز منعقد کیے. ہاکی کے ٹرائلز پانچ مراحل میں منعقد کیے گئے تھے جبکہ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی لاہور میں رہائش پذیر خواتین کو خصوصی طور پر موقع فراہم کیا گیا کہ وہ لاہور میں ہی ٹرائلز دے سکیں. اس سے پہلے یہ ٹرائلز مظفراّباد، میرپور، گلگت، سکردو اور اسلام اّباد میں مرحلہ وار منعقد کیے گئے جن میں 15 سے 25سال کی نوجوان خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا.
یاد رہےحکومت پاکستان کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر کے نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے ملک بھر کے 25 اضلاع میں ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ اسپورٹس لیگ کے تحت ہاکی کے ٹرائلز ہائیرایجوکیشن کمیشن جامعات کے اشتراک سے منعقد کروا رہا ہے، ویٹرینری یونیورسٹی، لاہور میں ہونے والے ٹرائلز اسی سلسلے کی ایک کڑی ہیں. ان ٹرائلزمیں بہترین کھیل دکھانےوالے کھلاڑیوں کی ٹیموں کے مابین پراونشل لیگ کا انعقاد ہوگا اورپراونشل لیگ کی فاتح ٹیموں کو کوچنگ کے بعد نیشنل لیگ میں حصہ لینے کا موقع دیا جائے گا. وزیراعظم کی مشیربرائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے ٹرائلز کے خصوصی انعقاد کےموقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کے ساتھ دیگر شعبہ ہائے زندگی میں بھی نوجوانوں کو بہترمواقع فراہم کرنے کے لیے مثبت اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں خصوصی دلچسپی رکھتےہیں اور حکومت نوجوانوں کے لیے متعدد منصوبے چلا رہی ہے جن میں پرائم منسٹرز نیشنل انوویشن ایوارڈ ، گرین یوتھ موومنٹ ، یوتھ ڈویلپمنٹ سنٹر اور دیگر پروگرام شامل ہیں۔ڈائریکٹر اسپورٹس، ہائیر ایجوکیشن کمیشن جاوید علی میمن پنے کہا کہ چیئرمین ہائیرایجوکیشن کمیشن،پروفیسرڈاکٹرمختاراحمد نے نوجوانوں کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کی ہےاور ان کا ماننا ہے کہ ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، ضرورت اس امرکی ہے کہ نوجوانوں کو ہر میدان میں صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے مواقع فراہم کیے جائیں.فیڈرل ریجن میں منعقدہ ٹرائلزمیں ہاکی کے متعدد سینئر کھلاڑیوں نے شرکت کی اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ ٹرائلز کے شرکاء کا کہنا تھا کہ یہ اپنی طرز کا پہلا پراجیکٹ ہے کہ ٹرائلز میں منتخب ہونے والے اور پراونشل لیگ میں اچھا کھیل پیش کرنے والے کھلاڑیوں کو قابل کوچز کی زیر نگرانی ابنے کھیل میں بہتری لانے کا موقع ملے گا اور یہی کھلاڑی مسقبل میں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے.