اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی) پاکستان نے افغانستان کی جانب سے چمن بارڈر پرپاکستانی علاقے میں افغان سکیورٹی فورسز کی بلا اشتعال گولہ باری کے واقعے پر اسلام آباد میں تعینات افغان ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چمن میں افغان بارڈر سکیورٹی فورسزکی جانب سے بلااشتعال گولہ باری کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی۔ترجمان نے بتایا کہ چمن فائرنگ کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا، شہری زخمی ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا.ترجمان کا کہنا تھاکہ شہریوں کا تحفظ دونوں فریقین کی ذمہ داری ہے، چمن میں فائرنگ کے واقعات کی تکرار کو روکنا ضروری ہے، پاکستان افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چمن بارڈر پر پاکستانی اور افغان فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا، افغان فورسز کی جانب سے پاکستان کی شہری آبادی پر مارٹر گولے اور آرٹلری کا بے دریغ استعمال کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 20 افراد زخمی ہوئے تھے۔پاکستانی فورسز کی جانب سے بھی بھرپور جوابی کارروائی عمل میں لائی گئی تھی اور افغان چیک پوسٹوں کو تباہ کیا گیا تھا