اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت نے توانائی کی بچت کا قومی ہنگامی پلان تیار کرلیا ہے جس سے امپورٹ بل میں نمایاں اور واضح کمی ہوگی،انرجی بچت پلان پر صوبوں کےساتھ ملکر عمل درآمد ہوگا، بجلی چوروں کےخلاف بھی کریک ڈاﺅن کیا جائیگا، غیرمعمولی حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے غیرمعمولی اقدامات ناگزیر ہیں جس میں ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا پڑے گا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی بحالی اور توانائی کی قلت کے خاتمے کےلئے منعقدہ اجلاس کے تناظر میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم اعظم کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں توانائی کی بچت کا قومی ہنگامی پلان تیار کیا گیا ہے جس سے امپورٹ بل میں نمایاں اور واضح کمی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے غیرمعمولی صورتحال میں غیرمعمولی اقدامات کا فیصلہ کیاہے، ایمرجنسی بچت پلان حتمی منظوری کےلئے کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام وزراءاعلی کو بھی وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں مدعو کیا جائےگا، انرجی بچت پلان پر صوبوں کےساتھ مل کر عملدرآمد ہوگا۔