اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور ایاز صادق نے کہاہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے معاہدے ثبوت ہیںکہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کررہا۔میڈیا بریفنگ کے دوران ایاز صادق نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کےساتھ کچھ پراجیکٹس سائن کررہے ہیں، اے ڈی بی سے اچھی شرائط پر2.7ارب ڈالرکے قرض کا معاہدہ کیا ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ صرف اپریل سے اب تک 2.3ارب ڈالرکے قرض کے معاہدے کئے ہیں، اگر پاکستان کے ڈیفالٹ کا خدشہ ہوتا تو یہ معاہدے نہیں ہوسکتے تھے ، معاہدے ثبوت ہیں کہ پاکستان ڈیفالٹ نہیں کررہا، صرف افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔انہوں کہاکہ جو تاثر پھیلایا جارہا ہے کہ پاکستان بینکرپٹ ہورہا ہے یا مالی مسائل میں ہے ایسی کوئی بات نہیں، اگر ایسی کوئی صورتحال ہوتی تو معاہدہ نہ ہوتا، اے ڈی بی کو اعتماد ہے اس لئے سائن کررہے ہیں۔