لاڑکانہ(۔ رپورٹ محمد عاشق پٹھان ) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ آبپاشی، ضلعی اور ڈویژنل انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ضلع قمبر شہدادکوٹ کے مختلف مقامات پر دور دراز علاقوں کی طرف جانے والی سڑکوں اور زمینوں پر کھڑے بارشی سیلاب کے پانی کی نکاسی کا کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ فصلوں کی کاشت کو یقینی بنایا جا سکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قمبر کے مختصر دورے کے دوران کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر محکمہ آبپاشی جام خان شورو نے وزیراعلیٰ کو ضلع قمبر شہدادکوٹ کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں کل 1385197 ایکڑ رقبہ برساتی سیلاب کے پانی کی زد میں تھا جس کی نکاسی کا کام جاری ہے اور اب اس علاقے میں صرف 30509 ایکڑ اراضی میں پانی کھڑا ہے جسے فوری طور پر نکالا جا رہا ہے اس طرح 94 فیصدسیلابی پانی نکالا جا چکا ہے اور بقیہ 6 فیصد پانی جلد نکال دیا جائے گا اور علاقے کو معمول پر واپس لایا جائے گا، بریفنگ کے دوران سردار خان چانڈیو اور ایم پی اے برہان خان چانڈیو بھی موجود تھے، وزیراعلیٰ نے گاؤں صابو برڑو سے ایف پی بند کو دیے گئے دو کٹ والی سائٹ کا بھی دورہ کیا جہاں مرمت کا کام آخری مراحل میں ہے، بعد ازاں انہوں نے محکمہ آبپاشی کے وزیر کے ہمراہ متاثرہ کسانوں کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی، اس دورے کے دوران کمشنر لاڑکانہ گھنور علی لغاری، ڈی آئی جی لاڑکانہ مظہر نواز شیخ، ڈپٹی کمشنر قمبر شہدادکوٹ سلیم اللہ اوڈھو، ایس ایس پی قمبر شہدادکوٹ صدام حسین اور ضلع اور ڈویژن کے تمام متعلقہ افسران موجود تھے۔