سرینگر(نیٹ نیوز) غیرقانونی طور پر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طحہٰ کے دورہ پاکستان کے دوران کشمیر کے بارے میں دیے گئے انکے بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ مسلم ممالک کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے مل کر آواز بلند کریں گے۔
مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی طرف سے دیے گئے حق ، حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر وحشیانہ مظالم کا نشانہ بنانے پر بھارت کو شٹ اپ کال دی جائے۔ انہوں نے او آئی سی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ محصور کشمیریوں کی مدد کے لیے آگے آئیں۔مسرت عالم بٹ نے کہا کہ بھارت حریت رہنماؤں ، صحافیوں ، انسانی حقوق کے کارکنوں اور عام نوجوانوں کو جعلی مقدمات میں گرفتار کر رہا ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو ڈرانے دھمکانے کے لیے این آئی اے ، ای ڈی اور ایس آئی اے جیسی بدنام زمانہ ایجنسیوں کو استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ حریت رہنماؤں سمیت سینکڑوں کشمیری اس وقت بھارتی جیلوں میں کالے قوانین پبلک سفیٹی ایکٹ اور یو اے پی اے کے تحت نظربندی کا سامنا کر رہے ہیں۔