اسلام آباد( بیورو رپورٹ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی، عوامی امور و قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے بدھ کے روز یہاں پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے زیر اہتمام خصوصی قرآن نمائش کا دورہ کیا۔ وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام جن کے ہمراہ سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت فارینہ مظہر، سینئر جوائنٹ سیکرٹری عبدالستار کھوکھر، ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے اور ڈویژن کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آج کی نمائش دیکھ کر روحانیت کا احساس ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن بھی اسلامی خطاطی کے فروغ کے لیے خاطر خواہ اقدامات کر رہا ہے۔اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر کو نمائش کے مختلف حصوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
انجینئر امیر مقام نے شیشم کی لکڑی کی چھڑی پر دھاگوں سے قرآن بنانے کے حیرت انگیز انداز پر مصور خان شاہنواز ملہی کی بے حد تعریف کی۔15 دسمبر تک جاری رہنے والی یہ نمائش PNCA میں لوگوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی مندوبین کی بڑی تعداد کو راغب کر رہی ہے۔سندھ پولیس کے ایک ریٹائرڈ اہلکار خان شاہنواز ملہی نے تقریباً 8000 پنسلوں پر قرآن پاک کی تمام آیات اور ابواب کو ہاتھ سے بنانے کے لیے ایک انوکھی تکنیک کا استعمال کیا۔ڈرائنگ بچپن سے ہی ان کا پسندیدہ موضوع رہا ہے۔ وہ اپنی انگلیوں کی مدد سے نایلان کے دھاگے سے قرآن کو بُنتا ہے جو کہ بالکل منفرد اور حیرت انگیز ہے۔ ایسا فن دنیا میں پہلے کسی نے نہیں کیا ہے۔ یہ حیرت انگیز فن بہت انوکھا ہے، اس سے پہلے اس کی کوئی مثال نہیں ملتی، یقیناً عالمی ریکارڈ کا حصہ ہے۔