نیو یارک(نیٹ نیوز )اقوام متحدہ نے پاکستان میں موسم سرما کے پیش نظر 2 کروڑ سے زائد سیلاب متاثرین کی بڑھتی ضروریات کی جانب عالمی برادری کی توجہ دلاتے ہوئے کہا ہے کہ اس انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر مزید وسائل کی ضرورت ہے۔ترجمان سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ اسٹیفن ڈوجارک نے ایک نیوز بریفنگ میں کہا کہ سیلاب کا پانی کم ہونے کے باوجود اس وقت بھی 2 کروڑ سے زائدافراد کا انسانی امداد پر انحصارہے اور موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی ان کی ضروریات مزید بڑھ گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ابھی تک 81 کروڑ 60لاکھ ڈالر کے فلڈ رسپانس پلان کا صرف 23 فیصد ہی موصول ہوا ہے اور مزید وسائل کی فوری ضرورت ہے۔سیلاب کے بعد کی تازہ صورتحال سے صحافیوں کو آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہ سیلاب کا پانی کم ہونے کے باوجود 2 کروڑ سے زائد افراد انسانی امداد پر انحصار کر رہے ہیں، کچھ علاقوں میں تعمیر نو کی کوششیں ابھی شروع ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے امدادی کارروائیوں میں تعاون کے لیے ہمارے انسانی ہمدردی کے شراکت دار سیلاب کے ا?غاز سے اب تک 47 لاکھ سے زائد لوگوں تک امداد پہنچا چکے ہیں، تقریباً 26 لاکھ لوگوں کو غذائی امداد پہنچائی جا چکی ہے۔