کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت جبری مذہب تبدیلی کے خلاف اور تمام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔ یہ بات انھوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں جبراً تبدیلی مذہب کے قانون سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکرٹری سہیل راجپوت اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت جبری تبدیلی کے قانون پر اتفاق رائے پیدا کرنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دے گی جوکہ انکی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ معاملے پر بات چیت اور غور و فکر کے ذریعے اتفاق رائے حاصل کیا جائے گا۔