کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہے کہ صحافیوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتے ، یہ ملکی سالمیت ، ترقی اور خوشحالی میں بھر پور کردار ادا کرتے ہیں ، گورنر کے خصوص فنڈ کے جرا کے لیے سندھ حکومت کو خط لکھا جا رہا ہے ، صحافیوں کو صحت ، بچوں کی تعلیم اور رہائش میں ان کی معاونت حکومت کی زمہ داری ہے جس پر کام کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گورنر ہاؤس ٹ ملاقات کے موقع پر کیا ، اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمان ، ترجمان گورنر ہاؤس سلیم خان ، لبرا کے سرپرست اعلیٰ شہزاد چغتائی ، صدر تنویر سید ، جنرل سیکرٹری عمران علی شاہ ، فنانس سیکرٹری عابد عباسی ، سیکریٹری اطلاعات احمد علی ، گورننگ باڈی کے اراکین ندیم صدیقی ، فیصل راجپوت ، بلال ظفر سولنگی بھی موجود تھے ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ میں صحافیوں کو بہت قریب سے جانتا ہوں ان کے مسائل سے بخوبی واقف ہوں ۔ ہم سندھ حکومت کو خط لکھ رہے ہیں کہ سابقہ دور میں گورنر کے سوابدیدی فنڈز جو بند کیے گئے تھے انہیں بحال کیا جائے تاکہ صوبے کے مظلوم اور اہم طبقوں کی مختلف اوقات میں معاونت کی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے سندھ حکومت سے کہا ہے کہ رہاشی اسکیموں میں صحافیوں کا کوٹہ مختص کریں تاکہ ملک قوم کی خدمت کرنے والے اس طبقے کی بھاری کرایے کی رہائش سے جان چھوٹ جائے ۔ انہوں نے یقین دھانی کرائی کہ لوکل باڈیز رپورٹرز ایسوسی ایشن کی بھر پور سرپرستی کریں گے جبکہ وہاں موجود بلدیہ عظمیٰ کراچی کے نئے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر سیف الرحمان کو بھی ہدایت دی کہ وہ لبرا کے ساتھ ہر قسم کا نہ صرف تعاون حاصل کریں بلکہ ان کے تجربے اور مشاورت سے بھر پور فایدہ اٹھائیں ۔ اس موقع پر سرپرست اعلیٰ سینئر صحافی شہزاد چغتائی نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کی رپورٹنگ کرنے والے پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کی یہ واحد نمائندہ تنظیم ہے جس کا مقصد صحافیوں کے مسائل کا حل اور بلدیاتی اداروں بسے مثبت تعلقات بنانا ہے۔ جنرل سیکرٹری عمران علی شاہ نے کہا کہ بلدیاتی اداروں میں صحافت کرتے ہیں اس لیے حکومت سے فاصلے ہیں جنہیں ہم ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحافی اپنی خبروں سے اعلیٰ حکام تک صورتحال پہنچا کر صوبے اور شہر کی بہتری کے لیے کوشاں ہیں اور امید کرتے ہیں کہ گورنر وحکومت سندھ ہمارے اس عزم میں تعاون کریں گے۔ صدر تنویر سید نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی مہمان نوازی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ سے بڑی توقع ہے کہ آپ نہ صرف صحافیوں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے بلکہ شہر قائد اور صوبے کے مسائل پر بھی گہری نگاہ رکھیں گے ۔