کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اقلیتی امور گیانچند ایسرانی کی زیر صدارت سندھ نان مسلم ویلفیئر کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو امدادی چیک 25 دسمبر سے قبل دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اقلیتی برادری کے ہونہار طلبہ کو اسکالرشپ کا ٹیسٹ آئی بی اے سکھر کے تحت منعقد کرانے کے معاملہ پر ذیلی کمیٹی قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی ، جوکہ آئندہ اجلاس میں اس معاملہ پر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ نان مسلم ویلفیئر کمیٹی نے 165 ترقیاتی اسکیموں کی بھی منظوری دے دی۔ جبکہ محکمہ اقلیتی امور نے حالیہ بارشوں اور سیلاب میں متاثر ہونے والی عبادت گاہوں کا سروے مکمل کر کے رپورٹ پیش کردی، جس میں 255 عبادت گاہوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔
جس پر صوبائی وزیر اقلیتی امور گیانچند ایسرانی نے کمیٹی کے تمام اراکین کو اپنے اپنے علاقوں میں متاثر ہونے والی عبادت گاہوں کی فہرست پیش کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ محکمہ نے سروے مکمل کرلیا ہے ، ان عبادت گاہوں کی مرمت کے لیے جلد اسکیمیں تیار کی جائیں گی ۔ تاہم کمیٹی اراکین اپنے اپنے علاقوں میں چیک کریں تاکہ کوئی متاثرہ عبادت گاہ رہ نہ جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جلد متاثرہ عبادت گاہوں کی اسکیمیں تیار کر کے سمری وزیر اعلیٰ سندھ کو منظوری کے لیے ارسال کی جائے گی ۔صوبائی وزیر نے اسکالرشپ کے معاملہ پر بنائی گئی کمیٹی کو اپنی سفارشات آئندہ اجلاس میں ہر صورت میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسکالرشپ معاملہ پر وقت پر فیصلہ کیا جائے تاکہ مالی سال کے اختتام سے پہلے طلبہ کو اسکالرشپس مل سکیں ۔ اجلاس میں سینیٹر کرشنا کماری، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سریندر ولاسائی ، معاون خصوصی ڈاکٹر کھٹو مل جیون ، ایم پی اے رانا ہمیر سنگھ ، ایم پی اے اینتھونی نوید ،ایم پی اے منگلا شرما ، انجینئر گیانچند ، روما مٹو ، کملہ بائی ، رمیش لال ، پرشوتم رامانی ، کرشن ساگر ، ہیرانند ، رمیش کمار راٹھور ،کومل، سیکریٹری محکمہ اقلیتی امور محمد عباس بلوچ ، ڈائریکٹر منارٹی افیئرز مہیش لال دودانی اور دیگر نے شرکت کی ۔