لاڑکانہ(بیورورپورٹ) لاڑکانہ میں جمیعت علمائے اسلام کی جانب سے شہر کے جناح باغ میں توحید و رسالت کانفرنس ضلعی جنرل سیکریٹری محبت علی کھڑو کی صدارت منعقد کی گئی جس میں مولانا ناصر خالد محمود سومرو، مولانا طاہر خالد محمود سومرو، مولانا طارق خالد محمود سومرو، خطیب اسلام مولانا سید محمد اسماعیل شاہ کاظمی، مفتی عبدالرحیم پٹان ، نعت خواں حاجی امداد اللہ پھلپوٹو، مفتی انس یونس، اظہار الحق صدیقی، ثناء اللہ سیال، ثناء اللہ جتوئی، امداداللہ جتوئی اور دیگر نے شرکت کی، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ناصر خالد محمود سومرو نے کہا کہ وطنِ عزیز کے اسلامی اقتدار کے تحفظ اور اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ اور ملک کو شرک و بدعت سے نجات دلانے کے لیے جدوجھد کرنی چاہیے اور اسلامی تعلیمات اور قرآن و سنت کے مطابق اپنی زندگی کا مقصد بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کی وحدانیت اور دولتِ اسلام کے بغیر زندگی بے معنی ہے، اسلامی تعلیمات، قرآن و سنت پر عمل کر کے انسان اپنی زندگی کو کامیاب بنا سکتا ہے، صرف اللّٰہ سے مدد اور رسول اللہ صلی الوسلملیہ وآلہ کے نقشِ قدم پر چل کر زندگی کو کامیاب بنایا جا سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ توحید ایک عظیم نعمت ہے، معاشرے کو شرک سے پاک کر کے اسلامی تعلیمات پر زندگی گذارنی چاہیے، اللّٰہ کے دین کی خدمت اور سربلندی، سامراجی اور طاغوتی قوتوں سے قوم کی جان، مال، عزت، ناموسِ رسالت کا تحفظ، شعار اسلام کے تحفظ اور اسلام کے عادلانہ نفاذ کے لیے کوشش کرنا ہماری زندگی کا مقصد ہونا چاہیے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام کو شرک جیسے موذی مرض، بے حیائی، بدامنی، ناانصافی جیسے معاشرتی ظلموں سے نجات دلانے کے لیے جدوجھد کرنی چاہیے۔