کراچی( بیورو رپورٹ )
تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے کہا ہے کہ ڈیلی میل کی جانب سے جھوٹی خبر چلانے کا اعتراف حق و سچ کی جیت ہے اور بے بنیاد خبریں چلوانے اور جھوٹے مقدمات درج کرانے والوں کے لئے شرم کا مقام ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2019ء میں شہزاد اکبر نے ڈیلی میل کے نمائندے کو پاکستان بلاکر وزیراعظم سے ملاقات کرائی جس کے بعد ڈیلی میل نے اسوقت کے اپوزیشن لیذر میاں شہباز شریف کے خلاف غلط رپورٹ شائع کی۔ اس طرح کی گھٹیا سیاست کا خاتمہ ہونا چاہئے اور غلط خبریں شائع کرانے اور جھوٹے مقدمات قائم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاست سے غلاظت کا خاتمہ ضروری ہے اور اب جھوٹے مقدمات قائم کرنے کا سلسلہ مکمل بند ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹے مقدمات بناکر اپوزیشن سے سیاسی انتقام لینے والے شفاف سیاست کرنے کا دعوی نہیں کرسکتے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت قانون سازی کرکے جھوٹی خبروں کی اشاعت اور جھوٹے مقدمات بنانے کے ذمہ داروں کے جھوٹا ثابت ہوجانے پر بھاری ہرجانے کی ادائیگی کا قانون بنائے جس پر مکمل عملدرآمد سے ہی یہ سلسلہ مکمل طور پر رک سکتا ہے۔