اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیر مملکت خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہاہے کہ زراعت پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔زیڈ ٹی بی ایل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہاکہ زراعت پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی ہے، فوڈ سیکیورٹی کا عالم یہ ہے کہ گندم درآمد کر رہے ہیں۔ و زیرمملکت خزانہ نے کہاکہ پاکستان خوراک کے لحاظ سے عدم تحفظ کا شکار ہے، سیلاب سے اتنے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سیلاب سے ملکی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے، کھڑی فصلیں تباہ، 15 لاکھ جانور ہلاک ہوگئے۔ وزیرمملکت نے کہاکہ ایک تہائی علاقہ پانی میں ڈوب گیا، 3 کروڑ 30 لاکھ آبادی متاثر ہوئی۔ انہوںنے کہاکہ متاثرہ افراد کے روزگار کی بحالی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ وزیر مملکت نے کہاکہ زرعی ترقیاتی بینک کا اس میں بہت اہم رول ہوگا۔ وزیر مملکت نے کہاکہ زیڈ ٹی بی ایل میں جدت لانے سمیت تبدیلیوں کی ضرورت ہے، جی ڈی پی گروتھ میں تین فیصد کمی سے پیچھے کچھ نہیں بچتا۔ وزیر مملکت نے کہاکہ معیشت کی بحالی کیلئے زرعی ترقیاتی بینک کو بھی کردار ادا کرنا چاہیے۔ عائشہ غوث پاشا نے کہاکہ زرعی قرضوں کی فراہمی کیلئے ڈیجیٹل طریقہ استعمال کیا جائے، غور کرنا ہوگا کہ فی ایکٹر پیداوار کیوں کم ہوگئی۔ عائشہ غوث پاشا نے کہاکہ حکومت زیڈ ٹی بی ایل کی ہر ممکن مدد کرے گی۔