اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان کی زیر صدارت نیکٹا کا تیسرا بورڈ آف گورنرز اجلاس 8 دسمبر 2022 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں نیکٹا کی متعدد انتظامی اور مالی سفارشات پیش کی گئیں۔ نیشنل کوآڈینیٹر نیکٹا، محمد طاہر رائے کی وفاقی سطح پر نیشنل کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ National CTD کے قیام کی سفارش کی گئی۔ جس کے لئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے ایک سات رکنی کمیٹی تشکیل دینے اور مجوزہ تجویز پر جلد از جلد سفارشات مرتب کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے نیکٹا کی کارکردگی صراحتے ہوئے FATF کی گرے لسٹ سے نکلنے پر نیکٹا کی کاوشوں کی خاص طور پر تعریف کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے نیکٹا کو موثر کردار ادا کرنے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اپنے ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی کے ذریعے بہتر معاونت کی تلقین بھی کی۔ بورڈ ممبران سے مخاطب ہوتے ہوئے وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پوری قوم اور وفاقی سطح پر مستحکم عظم کی بنیاد پر ہی دہشتگردی کو شکست دی جا سکتی ہے۔وفاقی وزیر برائے پاور اینڈ انرجی جناب خرم دستگیر، سینیٹر ھدایت اللہ اور سینیٹر مقبول احمد کے علاوہ وفاقی سیکریٹریز داخلہ، دفاع، قانون و انصاف اور سیکریٹری خزانہ نے اجلاس میں شرکت کی۔ ان کے علاوہ ڈی جی انٹیلیجنس، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی کاؤنٹر ٹیررزم آئی ایس آئی اور ڈی جی ملٹری انٹیلیجنس، چاروں صوبوں کے ہوم سیکریٹریز اور IGPs نے بھی بطور ممبران نیکٹا بورڈ آف گورنرز، اجلاس میں شرکت کی۔