حیدرآباد(این این آئی)سندھ حکومت کی جانب سے سستی ترین سفری سہولت کے نام سے شروع کی جانے والی پیپلزبس سروس مہنگی ترین بن گئی، پیپلز بس سروس کی انتظامیہ نے ایک کلومیٹر تک سفر کرنے والے مسافروں سے بھی 50 روپے وصولی شروع کردی،شہریوں نے سندھ حکومت کی پیپلز بس سروس کو مہنگی ترین قرار دیکر سفر کرنا چھوڑ دیا اورسوشل میڈیا پر سندھ حکومت کی مذکورہ سروس کو عوام کو بے قوف بنانے کے مترادف قرار دیکر تنقید کرنا شروع کردی۔تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے پنجاب طرز پر حیدرآباد میں سستی سفری سہولت کے نام پر 19 نومبر کو پیپلز بس سروس کا آغاز کیا گیا تھا جو دوہفتوں بعد ہی شہریوں کی تنقید کی زد میں ہے۔ شہریوں نے نشاندہی کی ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے سستی سفری سہولت کے نام سے شروع کی جانے والی پیپلز بس سروس شہر میں چلنے والی دیگر ٹرانسپورٹ سے مہنگی ترین سفری سہولت ہے۔ پیپلز بس سروس انتظامیہ کی جانب سے ایک کلومیٹر تک سفر کرنے والے مسافروں سے بھی 50 روپے وصول کئے جارہے ہیں جبکہ اس سے زیادہ کلومیٹر سفر پر دیگر نجی ٹرانسپورٹرز جس میں بس، سوزوکی، آٹورکشہ، چنگ چی،فورسیٹر سمیت گاڑیوں کا کرایہ نسبتا کم ہے، شہریوں نے سوشل میڈیا پر سندھ حکومت کی مذکورہ پیپلز بس سروس کو مہنگی ترین قرار دیکر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ بس میں اب صرف 7 سے 8 افراد سفر کررہے ہیں۔