کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیر محنت وافرادی قوت سندھ سعیدغنی نے کہا ہے کہ بلدیاتی قوانین میں ترامیم کی گئی ہیں جس میں میئروچیئرمینز کا اداروں میں عمل دخل رکھا گیا ہے، اختیارات منتقل ہونگے تو بلدیاتی نمائندوں کی جگہ سندھ حکومت کی ضرورت نہیں رہے گی، عمران خان سیاست کا ماضی بن چکا ہے آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف صفحہ ہستی سے مٹ جائے گی، عمران خان دوسرے شیخ رشید ہیں جو وہ کہتے ہیں وہ ہوتا نہیں ہے۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ کی جانب سے اپنے ملازمین کے لئے ہیلتھ کارڈز کا اجرا ایک احسن اقدام ہے، جبکہ ڈی ایم سی ایسٹ نے فیومیگیشن گاڑیوں اور اس پر بڑی مشینوں کی تنصیب کرکے اس ڈی ایم سی میں رہنے والے عوام کی سہولیات میں اضافہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ڈی ایم سی ایسٹ جمشید زون میں فیومیگیشن وینز اور ملازمین کے ہیلتھ کارڈز دینے کی تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے کنونئیر و ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری کراچی ڈویژن آصف خان، ایڈمنسٹریٹر ایسٹ رحمت اللہ شیخ، میونسپل کمشنر ایسٹ فہیم خان، سینئر سپرنٹڈنٹ انجینئر امتیاز بھٹو، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ رضوان منگریزوو دیگر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سعید غنی نے ایڈمنسٹریٹر رحمت اللہ شیخ اور میونسپل کمشنر فہیم خان ودیگر افسران کے ہمراہ جمشید زون کے دفتر میں پانچ فیومیگیشن وینز کا افتتاح اور ملازمین کوھ صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہیلتھ کارڈ کا اجرا کر دیا ہے. اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ ڈی ایم سی ایسٹ نے شہریوں اور عوام کو سہولیات پہنچانے کیلئے اچھے اقدامات کئے ہیں آج پانچ ہیوی فیومیگیشن مشینوں کا افتتاح کیا گیا ہے جو کہ شہریوں کو صحت مند ماحول کی فراہمی کیلئے اچھا اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ان مشینوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا انہوں نے کہا کہ مہنگاءکے اس دور میں صحت اور تعلیم کی جانب سے بے فکری ہونا ضروری ہے ڈی ایم سی ایسٹ نے اپنے ملازمین کو یہ سہولت فراہم کر دی ہے جس میں کافی سہولیات پہنچائی جارہی ہیں۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر رحمت اللہ شیخ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو زبردست الفاظ میں سراہا.صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ جو بھی شخص مرتضی وہاب کی جگہ آئے گا شہر کیلئے کام کرے گا، انہوں نے کہا کہ بلدیاتی منتخب نمائندے بہتر کام کرینگے، بلدیاتی قوانین میں ترامیم کی گئی ہیں جس میں میئر و چیئرمینز کا اداروں میں عمل دخل رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات منتقل ہونگے تو بلدیاتی نمائندوں کی کئی جگہ سندھ حکومت کی ضرورت نہیں رہے گی، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں سیاسی جماعتیں کامیابیاں حاصل کرنے کی کوشش کریں گی، پی ٹی آئی سے سیاسی طور پر بات چیت کے سوال پر سعید غنی نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے تو اس سے بھی بات ہوسکتی ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان دوسرے شیخ رشید ہیں جو وہ کہتے ہیں وہ ہوتا نہیں ہے عمران خان سیاست کا ماضی بن چکا ہے آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف صف ہستی سے مٹ جائے گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوج کی جانب سے دوٹوک بات ہو چکی ہے کہ وہ سیاست سے دور رہیں گے جمہوریت پسند سیاسی جماعتوں کو اس بات کا خیر مقدم کرنا چاہیئے۔ سیلاب متاثرین کے حوالے سے سوال پر سعید غنی نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے ان کے نقصانات کا ازالہ کرینگے انہیں دوبارہ گھر بنا کر دینگے، جو کاشتکار متاثر ہوئے ہیں انہیں بھی مالی مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کچھ مہینوں میں اس حوالے سے کام ہوتے دکھاءدیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر ایسٹب رحمت اللہ شیخ نے کہا کہ ضلع شرقی کو ہر سطح پر سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی ہے اس سلسلے میں مجھے ہمیشہ صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ اور بالخصوص صوبائی وزیر محنت سعید غنی کا تعاون شامل رہا، جس کی بدولت دیگر ترقیاتی کاموں کے ساتھ آج اپنی فیومیگیشن مشینیں تیار کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح ضلع شرقی کی عوام کو سہولیات پہنچانے کے ساتھ ملازمین کے مسائل کو بھی حل کرینگے. میونسپل کمشنر فہیم خان اور سی ای او یو آئی سی عمر السلام نے ہیلتھ انشورنس اور فیومیگیشن وینز کے حوالے سے بریفنگ دی۔