کراچی(نمائندہ خصوصی) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پوری قوم کو سندھ کا خوبصورت ثقافتی دن مبارک ہو، سندھ دھرتی پیار اور محبت کرنے والوں کی دھرتی ہے، سندھ کی قدیم ثقافت ہزاروں سال پرانی ہے، سندھی ثقافت ہماری شناخت ہے۔یہ بات انہوں نے سندھی کلچر ڈے پر ایک بیان میں کہی۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھی کلچر ڈے صرف سندھ میں ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں منایا جاتا ہے، دھرتی سے پیار کرنے والے آج اپنی سندھ دھرتی سے محبت کا اظہار کررہے ہیں،کئی ممالک میں سندھی ٹوپی اور اجرک کی بہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے مختلف شہروں میں یومِ ثقافت کے حوالے سے پروگرامز اور شوز منعقد کئے جا رہے ہیں ، شہر شہرسندھی ٹوپی اور اجرک سمیت سندھ کی ثقافت اجاگر کی جا رہی ہیں، سندھ کے یومِ ثقافت کے حوالے سے شہر کے مختلف علاقوں سے سندھ کے ثقافتی لباس میں ملبوس شہری تقریب کا حصہ بنیں، سندھی کلچر ڈے منانے کا مقصد سندھ کی تہذیب اور ثقافت کو اجاگر کرنا ہے۔