لاہور( نمائندہ خصوصی ) وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ ہمیں راستہ دکھانے کے لیے اللہ تعالیٰ نے قمر جاوید باجوہ صاحب کو بھیجا۔نجی نیوز چینل کو انٹرویو میں وزیر اعلیٰ پرویز الٰہی نے کہا کہ جاتے جاتے اللہ نے ہمارا راستہ تبدیل کر دیا، باجوہ صاحب کو بتایا کہ شریفوں سے انتقامی کارروائیوں کا خدشہ ہے اور شریفوں پر اعتبار نہیں کیوں کہ انہوں نے آپ کے ساتھ بھی یہ کیا۔
پرویز الٰہی نے بتایا کہ اس کے جواب میں باجوہ صاحب نے کہا کہ میری چھوڑیں اور اپنی بات خود سوچیں، سوچ کر چلیں، انہوں نے کہا کہ آپ کا اور آپ کے دوستوں کا عمران خان والا راستہ بہتر ہے۔انٹرویو میں انہوں نے کہا: ’عمران خان نے گولیاں لگنے کے باجود شریفوں کے لیے خوف پیدا کر دیا۔ شریف خاندان کی زبان پر اور سوچ میں ہر وقت عمران خان کا نام رہتا ہے۔ ہم سوچتے تھے یا اللہ کوئی ایسا بندہ لا جو ان شریفوں کو نتھ ڈالے۔‘
’شریف خاندان کام بھی غلط کرتا ہے کسی حکومت کو چلنے نہیں دیتا۔ شریفوں کو جو لے کر آتا ہے یہ اس کو ختم کرتے ہیں۔ ہم خود ساتھ رہے ہیں مشرف جہانگیر کرامت کیساتھ کیا کیا گیا۔ کاکڑ اور دیگر تمام اقساط میں شریفوں کا ہاتھ رہا۔ شریفوں کا یہی تکبر بچوں میں منتقل ہوگیا۔‘انہوں نے کہا کہ شریفوں کو سزا ملے گی اور لگتا ہے کہ عمران خان نے ہی انہیں سزا دینی ہے، اللہ نے عمران خان کی شکل میں ایک بندہ بھیجا ہے جو ان کے برے کام یاد کراتا رہتا ہے، اللہ نے ساری بیماریوں کا حل عمران خان کی شکل میں دیا۔
قمر جاوید باجوہ کو غدار نہیں کہا جا سکتا‘یاد رہے کہ پرویز الٰہی کے صاحب زادے مونس الٰہی نے دو روز قبل نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ قمر جاوید باجوہ کو غدار نہیں کہا جا سکتا، ہماری پارٹی نے انہی کے کہنے پر تحریک انصاف کا ساتھ دیا ۔مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ جو ہٹ گیا وہ برا ہے، میں اس سوچ کے خلاف ہوں، بحث کرلیں قمر جاوید باجوہ کیسے غدار ہوگئے، انہوں نے تحریک انصاف کے لیے کیا کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے سوال کیا کہ جب سابق آرمی چیف نے دریا کا رخ پی ٹی آئی کی طرف موڑ دیا تب وہ صحیح تھے؟ جب آفر آئی تو قمر جایود باجوہ نے ہمیں کہا تھا کہ پی ٹی آئی کی طرف ہو جائیں۔