واشنگٹن (نمائندہ خصوصی ) امریکا کی جانب سے بھارت کو مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کی کھلی چھوٹ مل گئی۔تفصیلات کے مطابق بھارت میں مذہبی آزادی کی خلاف ورزیاں کھلے عام جاری ہیں تاہم امریکا نے بھی اسے کھلی چھوٹ دےدی ہے۔امریکا نے بھارت کا نام مذہبی آزادی کی خلاف ورزی سے متعلق فہرست میں شامل نہیں کیا جبکہ امریکی خود مختار کمیشن بھی بھارت کا نام فہرست میں شامل نہ کرنے پر تنقید کر چکا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی سالانہ رپورٹ میں بھی بھارت میں اقلیتوں پر مظالم کا ذکر کیا گیا تھا۔ دوسری طرف امریکی خود مختار کمیشن کے اعتراض پر بھارت نے امریکی محکمہ خارجہ سے ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔واضح رہے کہ مذہبی آزادی کی خلاف ورزی سے متعلق امریکی فہرست میں پاکستان، چین، روس، کیوبا، شمالی کوریا اور ایران سمیت کئی ملک شامل ہیں۔