کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یومِ ثقافتِ سندھ پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں یہ دن منانے والوں کو مبارکباد دی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاوس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سندھ کی ثقافت انڈس سویلائیزیشن اور اسلامی تہذیب کا حسین امتزاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت کی ماں موہن جو دڑو ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی اجرک، ٹوپی، رلی، لوک ادب، موسیقی اور روایتی کھانے اپنی ایک منفرد پہچان رکھتے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کا ثقافتی تنوع (diversity) اس کی خوبصورتی اور طاقت ہے۔ دنیا بھی اس پر متفق ہے کہ ثقافتی تنوع انسانیت کا مشترکہ ورثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ثقافت، آرٹ اور ادب کو فروغ دینا پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ہے۔ انہوں نے پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی ثقافت کو دنیا میں جدید انداز سے اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔