اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے حکومت کے ساتھ مذاکرات اور چیئرمین پی ٹی آئی پر کسی قسم کے دبا ﺅکے حوالے سے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان اسمبلیاں توڑنے جا رہے ہیں، معاشی بحران مزید سنگین ہو جائیگا۔ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے عمران اسماعیل نے کہاکہ یہ جھوٹے ہیں،کبھی میسج ادھر ادھر بھیج دیا اسے مذاکرات کا نام دے دیتے ہیں، عمران خان کی مذاکرات کی آفر کو یہ سمجھ رہے ہیں کہ عمران کو کوئی پرابلم ہو گئی یا وہ دبا ﺅمیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اچھی طرح سمجھ لیں کہ عمران خان دو اسمبلیاں توڑنے جا رہے ہیں، اسمبلیاں ٹوٹنے کے بعد سارا کاروبار زندگی تتر بتر ہو جائےگا، اس لیے عمران خان نے انہیں وقت دیا ہے، اسمبلیاں ٹوٹنے سے اقتصادی بحران مزید سنگین ہو جائے گا، پاکستان میں معاشی بحران ہے اور یہ مزید بحران میں چلا جائےگا۔سابق گورنر سندھ نے کہاکہ یہ سمجھ رہے ہیں کہ عمران خان کسی دبا ﺅمیں ہے، عمران خان پر صرف ایک ہی دبا ﺅہے کہ ملک دیوالیہ ہونے جا رہا ہے اور اس سے بچانا ہے۔عمران اسماعیل نے کہا کہ یہ جس لہجے میں بات چیت کر رہے ہیں ان سے بات چیت ہونا ممکن نظر نہیں آتا، یہ تو بن کباب لینے روڈ پر نہیں جا سکتے، لوگوں کو منہ نہیں دکھا سکتے، اگر یہ الیکشن لڑ سکتے ہیں تو پھر الیکشن سے بھاگ کیوں رہے ہیں۔