کراچی(نمائندہ خصوصی) پندرھویں عالمی اردو کانفرنس کے دوسرے روز کے پانچویں سیشن ”تین شاعر“ میں ملک کے معروف صحافی و مقامی اخبار کے ایڈیٹر پیر زادہ سلمان نے اردو ادب کے تین معرکة الاراءشعرائے کرام اختر الایمان، مصطفی زیدی اور اسرارالحق مجازکے نثری پارے اور منتخب کلام پیش کرکے حاضرین کے دل موہ لئے۔ ان منتخب شعراءکے نثری پارے اور منظوم کلام پڑھنے سے قبل انہوں نے کہا کہ ان شعرائے کرام کے کلام کو منتخب کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ان شاعروں کو کم کم پڑھا اور سنا جاتا ہے۔ پیر زادہ سلمان نے اختر الایمان کی نظمیں تبدیلی، کل کی بات اور لطیفہ کی پڑھنت خوبصورت انداز سے کی جبکہ مصطفی زیدی کی کتاب سے ایک منتخب نثری پارہ اور ان کی نظمیں آخری بار ملو، سپردگی کا یہ عالم، بزدل ، ریستوران اور شہناز پڑھ کر سنائیں اس کے علاوہ اسرار الحق مجاز پر عصمت چغتائی کی لکھی گئی تحریر اور ان کی نظم تعارف اور شرارے بھی پیش کی۔ پیرزادہ سلمان کی پڑھنت کو حاضرین نے انتہائی دلجمعی سے سنااور پسندیدگی کا اظہار کیا۔