کراچی ( میاں طارق جاوید سے ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیراہتمام پندرھویں عالمی اردو کانفرنس میں ”یادرفتگاں“ سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ادب،شاعری،افسانہ نگاری اور صحافت سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، یادرفتگاں میںشمس الرحمن فاروقی، شمیم حنفی، فرہاد زیدی، گوپی چند نارنگ، امداد حسینی، فاروق قیصر(سرگم) کی یادیں تازہ کی گئیں، ادیب امداد حسینی کے ادب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سحر امداد کا کہنا تھا کہ امداد حسینی اپنے دور کے بڑے اور اہم ادیب میں شمار ہوتے ہیں، انہوں نے بارہ سال کی عمر سے شاعری کی دنیا میں قدم رکھا انہوں نے اپنی کتاب دھوپ رنگ سے شہرت حاصل کی دھوپ رنگ کی مقبولیت کا انداز اس بات سے لگا یا جا سکتا ہے کہ امداد حسینی کو اس کتاب کی مقبولیت کے پیش نظر سال 2014ء میں ایوارڈ سے نوازا گیا۔ان کی کتاب” دھوپ کرن“ ان کی شہرت کا باعث ہے، صحافی اور ادیب فرہاد زیدی کے حوالے سے ان کے صاحبزادے حسن زیدی نے بات کرتے ہوئے کہاکہ فرہاد زیدی بطور صحافی اپنا مقام رکھتے تھے اگرچہ ابتدا میں انکی ماہانہ تنخواہ دفتر میں موجود چائے فراہم کرنے والے ملازم سے بھی کم تھی اس کے باوجود وہ صحافت کو اپنا اہم کام اپنی ذمہ داری کے طور پر ادا کرتے تھے۔حسن زیدی کا کہنا تھا کہ میرے پاس وہ الفاظ نہیں ہیں جن میں انکی شخصیت کے عناصر کو بیان کر سکوں،وہ اصول پسند اور متاثر کن شخصیت کے حامل انسان تھے،ہرخاص عام انکے دوستوں کی لسٹ میں شامل تھا ، ناصر عباسی صاحب کی جانب سے ادیب شمیم حنفی کی یاد میں اظہار رائے کرتے ہوئے انکا کہنا تھا شمیم صاحب کے حوالے آرٹس کونسل کے اسٹیج پر کھڑے ہو کر بات کرنا میرے لئے ذرا مشکل ہے، یہ وہ مقام ہے جہاں شمیم صاحب نے ایک عمر گزاری ہے آپ ریڈیو میں نامہ نگاری کرتے تھے انہوں نے کہا یہ میرے لئے افسردہ کر دینے والی بات ہے کہ آج آپ ہم میں موجود نہیں ہیں لیکن انکے لکھے ہوئے ڈارمے اپنی جدت اور منفرد ہونے کی وجہ سے آج بھی زندہ ہیں،اپکی تحریر فلسفیانہ اور جدیدیت کے تصور کی حامل ہے، انکل سرگم سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے مرحوم فاروق قیصر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اداکار ،ہدایتکار ارشد محمود کا کہنا تھا اکٹربکڑ ،انکل سرگم جیسے شاہکار فاروق قیصر کی شاہکار سوچ کی ہی تخلیق ہو سکتی ہے وہ بہترین والد،شوہر اور دوست تھے، وہ عمدہ انسان اور منفرد انداز بیان رکھنے والے انسان تھے،گوپی چند کے حوالے سے حمید شاہد کا کہتا تھا کہ یہ وہ شخصیت تھے جن کے بارے میں الفاظ ڈھونڈنا مشکل ہے،وہ ایک مکمل شخصیت کے حامل تھے انکی تعریف کن لفظوں میں کروں انکی تعریف کے لئے کتاب تحریر کرنی پڑے گی۔