اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک مضبوط معاشرے اور صحت مند ملک کی تعمیر کے لیے تمام شہریوں کو یکساں طور پر کسی امتیاز کے بغیر معیاری صحت کی خدمات فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایڈز کے متاثرین کے لیے ٹیسٹ اور علاج کی خدمات کی فراہمی کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ہم قومی اور صوبائی سطح پر ایچ آئی وی پرردعمل کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ڈیٹا پر مبنی حل کی حمایت، جانچ اور علاج تک رسائی کو بڑھانے، معاشرے کے کمزور طبقے کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور ایچ آئی وی کی بیماریوں اور اس کے متاثرین سے منسلک بدنامی اور امتیازی سلوک کے خاتمے کے لئے بھرپور اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یو این ایڈز، غیر سرکاری تنظیموں، نجی شعبہ اور اپنے شراکت داروں کے ساتھ ملکر ایچ آئی وی اور ایڈز سے نمٹنے کے نئے طریقے تلاش کرنے کےلئے کوششیں جاری رکھیں گے، یہ ایک قابل علاج بیماری ہے جو کمزور کمیونٹیز کو متاثر کررہی ہے۔