کراچی(نمانئدہ خصوصی) اقوام متحدہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے 15 جنوری کو سوئٹزرلینڈ کے شہر دیوس میں ڈونر کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سندھ حکومت بھی اپنا مقدمہ پیش کرے گی۔ یہ بات جمعرات کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور اقوام متحدہ کے وفد کے درمیان انکے ریزیڈنٹ اینڈ ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر مسٹر جولین ہارنیس کی قیادت میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات میں سامنے آئی۔ ملاقات میں چیف سیکریٹری سہیل راجپوت، چیئرمین پی اینڈ ڈی ، سیکریٹری بلدیات ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی، سی ای او ، پیپل ہائوسنگ کمپنی نے شرکت کی جبکہ اقوام متحدہ کے وفد میں یو این ڈی پی کے ریزیڈنٹ ریپریزینٹیٹیو مسٹر نٹ اوسٹ بے، عمران لغاری اور عامر خان موجود تھے۔ ملاقات میں سندھ میں سیلاب کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کے 23 اضلاع کو بارش اور سیلاب کی آفت نے بُری طرح متاثر کیاہے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مجموعی نقصانات کا تخمینہ تقریباً7.86 ارب ڈالر لگایا گیا ہے جو سندھ اپنے وسائل سے پورا نہیں کر سکا۔ اجلاس میں 10جنوری کو یو این کے جینوا میں ڈونر کانفرنس میں سندھ حکومت کی جانب سے مقدمہ پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس پر مسٹر جولین نے کہا کہ ڈونر کانفرنس کے ذریعے سندھ کے متاثرین کی بحالی کیلئے بہتر تعاون کا امکان ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ پی اینڈ ڈی کو ہدایت کی کہ وہ ڈیٹا مرتب کرنے کے ساتھ ایک مناسب پریزنٹیشن بھی تیار کرے تاکہ اسے کانفرنس میں عالمی برادری کو دکھایا جا سکے۔