کراچی(نمائندہ خصوصی) ترجمان دفتر صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق الیکشن کمیشن، خواتین، معذور اور ٹرانسجینڈر کے بلدیاتی انتخابی عمل میں شرکت کے حوالے سے پُرعزم ہیں اِن خیالات کا اظہار صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے خواتین، معذور اور خواجہ سراء کے انتخابی عمل میں شرکت کو یقینی بنانے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو انتخابی عمل میں شامل کرنے کیلئے الیکشن ایکٹ 2017 میں کئی سیکشنز شامل کئے گئے ہیں۔ جس میں سیکشن 206 جس کے تحت ہر سیاسی جماعت پر یہ لازم ہوگا کہ وہ انتخابات میں 5فیصد ٹکٹیں خواتین کو دیں۔ جبکہ معذور افراد کو پوسٹل بیلٹ جیسی سہولیات بھی دی گئی ہیں اور اِس جدوجہد میں آپ الیکشن کمیشن کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے انتخابی عمل میں خواتین، معذور اور ٹرانسجینڈر کی شرکت کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے الیکشن ایکٹ2017 کے سیکشن 91,93 کا حوالہ دیتے ہوئے خواتین اور معذور افراد کو انتخابی عمل میں شامل کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کے قانونی اقدامات سے آگاہی دی۔
اجلاس میں جاوید اقبال، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر (ایڈمن) سندھ اور علی اصغر سیال، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر (الیکشنز) سندھ، ڈپٹی ڈائریکٹر سید عبداللہ شاہ سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اِس دوران اجلاس میں جاوید اقبال، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر (ایڈمن) سندھ نے خواتین، معذور اور ٹرانسجینڈر کے انتخابی عمل میں شرکت کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے پُرعزم اور نادرا کے ساتھ شناختی کارڈ اور ووٹرز رجسٹریشن آگاہی مہم سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام سول سوسائٹی کے نمائندوں کو خواتین، معذور اور خواجہ سراؤں کیلئے مکمل تعاون فراہم کررہا ہے اور اِن کی حوصلہ افزائی کیلئے ڈسٹرکٹ ووٹر ایجوکیشن کمیٹیوں کو بھی متحرک کردیا گیا ہے۔ اجلاس میں علی اصغر سیال، جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر (الیکشنز) سندھ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں درپیش چیلنجز، خواتین، معذور اور ٹرانسجینڈر کی بحیثیت ووٹرز رجسٹریشن اور انتخابی عمل کے دوران ٹرن آؤٹ میں بہتری کی اشد ضرورت پر زور دیا جو ان کے بغیر تعاون کے ممکن نہیں ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سید عبداللہ شاہ نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے خواتین کو انتخابی عمل میں شامل کرنے کیلئے شناختی کارڈ بنانے کی مہم کا بھی آغاز کردیا ہے اور الیکشن کے دن خواتین، اور معذور افراد کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دینے کیلئے اقدامات کئے ہیں۔ اِس سلسلے میں سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی اپنی اپنی رائے سے آگاہی دی۔میٹنگ میں اِس بات کا عہد کیا گیا کہ سول سوسائٹی/ این جی اوز خواتین، معذور اور ٹرانسجینڈر کو زیادہ سے زیادہ انتخابی عمل میں شامل کرنے کیلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر کام کریگی۔صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے اختتامی سیشن پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی یہ خواہش اور کوشش ہے کہ رائے دہندگان کے اندراج سے لیکر ووٹ کاسٹ کرنے تک تمام امور میں شراکت کو بڑھایا جائے اور ہر صورت ووٹ کاسٹ کرنے کی شرح کو بھی معقول حد تک لایا جائے اِس کیلئے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کا تعاون درکار ہے۔