کراچی (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ سندھ کے گھارو جھمپیر کوریڈور میں شروع ہونے والا ہر نیا ونڈ پاور پراجیکٹ متبادل توانائی کے ذراع سے سستی اور صاف بجلی پیدا کرنے کے قومی ہدف کے حصول کی جانب ایک قدم ہے ۔ وفاقی وزیر توانائی نے یہ بات بدھ کو جھمپیر کے علاقے میں ونڈ انرجی کے دو نئے منصوبوں میٹرو ونڈ پاور لمیٹڈ کے 60 میگاواٹ کے پلانٹ اور گل احمد الیکٹرک لمیٹڈ کے 50 میگاواٹ کے قابل تجدید منصوبے کا باضابطہ افتتاح کرنے کے بعد کہی ۔ بجلی کے وزیر نے کہا کہ گھاروجھمپیر کوریڈور کئی ونڈ پاور پلانٹس کی جگہ ہے جو پاکستان کے توانائی کے مستقبل کی نمائندگی کرتا ہے جو صاف بجلی کی پیداوار کے لیے مقامی توانائی کے وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لیے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نئے ونڈ پاور پلانٹس کا آغاز موجودہ حکومت کی انرجی پالیسی کے مطابق ہے جس میں یہ لازمی شرط ہے کہ ملک میں کسی بھی نئی جنریشن کی صلاحیت کو نصب کرنے کے لیے درآمدی ایندھن استعمال نہیں کرنا چاہیے ۔ انہوں نے اس بات کو سراہا کہ نئے ونڈ پاور پلانٹس بھی بجلی کے بلوں کو کم کرنے میں مددفراہم کریں گے کیونکہ ان کا ٹیرف ملک میں عام صارفین سے وصول کیے جانے والے بجلی کے نرخوں سے بہت کم ہے ۔ انہوں نے حاضرین کو یقین دلایا کہ موجودہ حکومت قومی ترسیلی صلاحیت کو بڑھا کر ملک میں ونڈ انرجی کے نئے منصوبوں کے آغاز میں سہولت فراہم کرنے کی پوری کوشش کرے گی کیونکہ پاکستان میں اقتصادی ترقی کو تقویت دینے کے لیے صاف بجلی کی زیادہ پیداوار کی ضرورت ہے ۔