اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر اطلاعا ت و نشریات مریم اور نگزیب نے کہاہے کہ عمران خان اپنی سیاست بچانے کیلئے قائد اعظم کے فرمان تو مت استعمال کریں،کیاقائداعظم کا یہ فرمان تھا عمران خان آئینی اداروں کو آئین شکنی پر مجبور کریں؟خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی بیچ دو؟،عمران خان اپنی ”حرکتوں “ کی قائد اعظم کے اعلیٰ فرامین سے مطابقت کی کوشش نہ کریں،عمران خان کو توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ سمیت تمام بدعنوانیوں کا حساب دینا پڑیگا،وفاقی حکومت گرانے کیلئے آنے والا اپنی صوبائی حکومتیں گرانے کا اعلان کرکے کر چلتا بنا،حکومت ہر طرح کی سیاسی مہم جوئی کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی،سیلاب کے باوجود ملک میں گندم کے بحران کا کوئی خطرہ نہیں ، بہارہ کہو بائی پاس کے حوالے سے سفارشات کابینہ سے منظور ہونے کے بعد ہائی کورٹ بھیج دی جائیگی ،فیفا حکام سے نشریاتی حقوق کی واپسی کے حوالے سے ابھی مذاکرات جاری ہیں،واشنگٹن میں دو عمارتیں پاکستانی سفارتخانے کے زیر استعمال ہیں، عمارتوں کے حوالے سے بروقت فیصلے نہ کرنے پر 8 لاکھ 19 ہزار ڈالر ٹیکس ادا کرنا پڑا،کابینہ نے شفاف طریقے سے ان عمارتوں کی فروخت کی منظوری دی ہے،دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ کر پاکستان کو معاشی طاقت بنائیں گے۔ بدھ کو وفاقی وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا استعفیٰ قبول نہیں کیا۔وزیراطلاعات نے کہاکہ وزیراعظم نے وفاقی وزراءسینیٹر اعظم نذیر تارڑاور سردار ایاز صادق کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوںنے کہاکہ کابینہ اجلاس میں کوئٹہ دھماکہ شہداءکے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ کابینہ نے انسداد پولیو کے قومی مشن کی تکمیل میں پولیو ورکرز کی خدمات کو سراہا۔ انہوںنے کہاکہ سیلاب کے باوجود ملک میں گندم کے بحران کا کوئی خطرہ نہیں ۔وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ موجود ہ سال کیلئے گند م کے وافر ذخائر موجود ہیں،گندم کے موجودہ ذخائر گزشتہ سال کی نسبت 2 فیصد زیادہ ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کابینہ نے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور متعلقہ محکمے کی کارکردگی کو سراہا۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ بہارہ کہو بائی پاس کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق عمل کیا گیا ہے،سردار ایاز صادق کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی نے تمام سٹیک ہولڈرز کا موقف سنا۔ انہوںنے کہاکہ کمیٹی میں تمام سٹیک ہولڈرز نے متفقہ سفارشات پر اتفاق کیا ،تمام سفارشات کی منظوری وفاقی کابینہ نے دے دی ۔ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات نے کہاکہ کابینہ سے منظور ہونے کے بعد یہ سفارشات اسلام آباد ہائیکورٹ بھیج دی جائیں گی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پی ٹی وی کے فیفا ورلڈ کپ حقو ق دستبرداری معاملے کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں۔ وزیراطلاعات ونشریات نے کہاکہ فیفا حکام سے نشریاتی حقوق کی واپسی کے حوالے سے ابھی مذاکرات جاری ہیں۔ انہوںنے کہاکہ واشنگٹن میں دو عمارتیں پاکستانی سفارتخانے کے زیر استعمال ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمارتوں کے حوالے سے بروقت فیصلے نہ کرنے پر 8 لاکھ 19 ہزار ڈالر ٹیکس ادا کرنا پڑا،امریکی ٹیکس حکام نے کہا ہے کہ اگر یہ عمارتیں نیلام نہ کی گئیں تو 13 لاکھ ٹیکس ادا کرنے پڑے گا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمارتوں کی پہلے بولی 45 لاکھ ڈالر آئی اب 65 لاکھ ڈالر آچکی ہے،کابینہ نے شفاف طریقے سے ان عمارتوں کی فروخت کی منظوری دی ہے۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان اپنی سیاست بچانے کیلئے قائد اعظم کے فرمان تو مت استعمال کریں۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ کیاقائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ عمران خان آئینی اداروں کو آئین شکنی پر مجبور کریں؟کیاقائد اعظم کا یہ فرمان تھا کہ خانہ کعبہ کے عکس والی گھڑی بیچ دو؟عمران خان اپنی ”حرکتوں “ کی قائد اعظم کے اعلیٰ فرامین سے مطابقت کی کوشش نہ کریں،عمران خان کو توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ سمیت تمام بدعنوانیوں کا حساب دینا پڑیگا۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمران خان کا ذہن جمہوری نہیں ،وہ ناکام ،کرپٹ اور نااہل شخص ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان ملک میں عدم استحکام اور تقسیم چاہتے ہیں۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ تحریک انصاف نے شہداءلسبیلہ کے خلاف مذموم مہم چلائی۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت گرانے کیلئے آنے والا اپنی صوبائی حکومتیں گرانے کا اعلان کرکے کر چلتا بنا،حقیقی آزادی کے نام پر لگائے گئے ڈرامے کا ڈراپ سین پوری قوم نے دیکھا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت ہر طرح کی سیاسی مہم جوئی کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ عمرانی دور پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دور تھا،ملک میں مہنگائی کی وجہ گزشتہ 4 سال کی بدانتظامی ہے۔ انہوںنے کہاکہ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ کر پاکستان کو معاشی طاقت بنائیں گے۔