کراچی(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے جیالوں نے نیازی کی ناک کے نیچے بلدیاتی انتخاب جیتا، ہم نے جیے بھٹو کا نعرہ لگا کر آمروں اور سلیکٹڈ راج کو خدا حافظ کہا، عمران خان کو ہٹانے کی کامیابی کا سہرا وائٹ ہاوس نہیں جیالوں کو جاتا ہے، لکھ کر رکھ لیں تحریک انصاف پنجاب اور کے پی کے استعفے نہیں دے گی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے 55ویں یوم تاسیس کے موقع پر مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کی تنظیم، عہدے داروں نے ہمارا دل جیت لیا ہے، نشتر پارک کراچی کے شہریوں سے بھرا ہوا ہے، اسی شہر سے جیالا ناظم منتخب ہوگا، پیپلز پارٹی وفاق کی جماعت ہے، ہمارا بھی حق ہے کراچی کے میئر کو منتخب کریں، کشمیر کے جیالوں نے نیازی کی ناک کے نیچے بلدیاتی انتخاب جیتا۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کو عوام کی خدمت کرتے 55 سال ہوگئے، ہم نے جیے بھٹو کا نعرہ لگاتے ایک نہیں تین آمروں کو بھگایا، پیپلز پارٹی نے ہر طبقے کو معاشی انصاف دلایا، پیپلزپارٹی نفرت نہیں امید کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، پی پی انتشار کی سیاست نہیں یکجہتی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، پیپلز پارٹی ملک کو جوڑتی ہے چاروں صوبوں کی زنجیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھٹو نے 55 سال پہلے اس پارٹی کا پرچم بلند کیا، بھٹو نے جب پارٹی سنبھالی تو ملک دو حصوں میں بٹا ہوا تھا، ایک ہارے ہوئے ملک کو بھٹو نے امید دلائی، 90 ہزار فوجی ہمارے دشمن کی قید میں تھے، شہید بھٹو کامیاب خارجہ پالیسی سے 90 ہزار قیدی واپس لیکر آئے، جنگ ہارنے کے بعد پاکستان کی 5 ہزار مربع زمین دشمن کے قبضے میں تھی، شہید بھٹو نے بغیر گولی چلائے 5 ہزار مربع زمین واپس لی تھی۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ شہید بھٹونے اس ملک کو جوڑا، متفقہ آئین بنا کر دکھایا، پاکستان کو اپنے پاو¿ں پر دوبارہ کھڑا کیا، شہید بھٹو نے ہر پاکستانی کو ووٹ کا حق دیا، شہید بھٹو سے پہلے سرمایہ داروں، اشرافیہ کا راج تھا، جیے بھٹوکا نعرہ لگا کرعوامی راج قائم کیا، عام آدمی کو انصاف دلایا، بے زمین کسانوں کو زمین کا مالک بنایا، یہ سارے بھٹو شہید کے کارنامے ہے، یہی تو وجہ ہے مزدور، کسان، محنت کشوں کا ایک ہی نعرہ، جیے بھٹو ہے۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ شہید بھٹو نے روٹی، کپڑا، مکان کے نعرے کو پورا کرکے دکھایا، شہید بھٹو کے جیالوں کی وجہ سے آج پاکستان ایٹمی طاقت ہے، بھٹو نفرت نہیں امید کی سیاست کرتا تھا، شہید بھٹو ملک کو آپس میں لڑانے کے بجائے جوڑتا تھا، اگر پاکستان کا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کرنا ہے تو پیپلز پارٹی کی سیاست کرنا ہوگی، ہم ذات نہیں اپنے عوام اور ملک کے لیے سیاست کرتے ہیں، ہم نے جیے بھٹو کا نعرہ لگا کر آمروں اور سلکیٹڈ راج کو خدا حافظ کہا۔