اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پنجاب اور کے پی میں کچھ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے اسمبلیاں ٹوٹےں، پی ٹی آئی کے کچھ لوگ رابطے میں ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگوکرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنے کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا فیصلہ آنے دیں، اس کے بعد حکمت عملی بنائی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا حتمی فیصلہ ایک دو روز یا جمعہ تک آ جائےگا، اس سے پہلے میں کیا پیش گوئی کرسکتا ہوں، اگر کوئی حکمت عملی ہماری ہے تو وہ میں میڈیا پر تو نہیں بتاﺅں گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگ رابطے میں ہیں،پنجاب اور کے پی میں کچھ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے اسمبلیاں ٹوٹےں، ظاہر سی بات ہے پارلیمنٹرین تو نہیں چاہتے وقت سے پہلے ان کی چھٹی ہو جائے۔