اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وزیراعظم شہبازشریف نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کو ٹیلی فون کر کے عہدہ سنبھالنے پر مبارک پیش کی ہے ۔منگل کو ہونے والی گفتگو میں وزیراعظم نے کہاکہ بہادر پاکستان آرمی کے سپہ سالار کا منصب سنبھالنا بڑا اعزاز ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ پاک آرمی کو آپ جیسا پیشہ وارانہ قابلیت کا حامل سربراہ ملنا اللہ تعالی کا خاص فضل ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پورا یقین ہے کہ آپ کی قیادت میں آرمی کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور دفاع وطن کی قوت میں مزید اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم نے کہاکہ مادر وطن کے تحفظ وسلامتی، دہشت گردی کے خاتمے سمیت سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں اللہ تعالی آپ کی مدد وراہنمائی فراہم فرمائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ وطن عزیز کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لئے ہمارا بھرپور تعاون آپ کومیسر رہے گا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نیک تمناﺅں کے اظہار اور مبارک پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔