اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وزیر مملکت برائے امور خارجہ حناربانی کھر کی سربراہی میں وفد نے کابل میں عبوری افغان حکومت کے نائب وزیراعظم عبدالسلام حنفی اور وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقاتیں کیں جس میں دوطرفہ تجارت سمیت مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر مملکت حنا ربانی کھر نے افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے بھی ملاقات کی جس میں وزیر مملکت حنا ربانی کھر اور عبوری افغان وزیر خارجہ نے تعلیم، صحت،تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطوں پر تبادلہ خیال کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں سماجی و اقتصادی منصوبوں کے ساتھ عوامی رابطوں پر بھی بات چیت ہوئی ہے۔ترجمان نے کہا کہ وزیر مملکت نے افغانستان میں دیرپا قیام امن، خوشحالی کےلئے پاکستان کے عزم اور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ملاقات سے قبل وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر کے کابل پہنچنے پر کابل ائیرپورٹ پر افغان عبوری حکومت کے نائب وزیر اقتصادی امور عبدالطیف اور پاکستانی سفارتخانے کے افسران نے خیرمقدم کیا۔