کراچی(نمائندہ خصوصی) چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 55 سالوں پر محیط پاکستان پیپلز پارٹی کی جدوجہد بارآور ہونے کے قریب ہے، ملک میں آئین کی بالادستی، جمہوریت مضبوط اور آئندہ عام انتخابات کے بعد وفاق سمیت چاروں صوبوں میں عوامی راج ہوگا۔پاکستان پیپلز پارٹی کے 55 ویں یومِ تاسیس پر جاری کردہ اپنے پیغام میں پارٹی چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے کہ جس کی جڑیں عوام میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے مشکل ترین حالات کا جرات و بھادری سے مقابلہ کیا اور آزمائش و کٹھن حالات کے دوران ملک و قوم کو قیادت فراہم کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت، انسانی حقوق اور مساوات کی علمبردار ہے، آئین و پارلیمان کی بالادستی کو ناقابلِ تسخیر بنانا ہمارا مشن اور مساوات اور عوام کی خوشحالی ہمارا نصب العین ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ زندہ قومیں اپنے ماضی اور حال کا تنقیدی جائزہ لیتی ہیں۔ ہمیں بھی بطور جماعت، ریاست اور قوم اپنی اپنی سطح پر اپنی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ نوشتہ دیوار ہے کہ ملک کو آئندہ سلیکٹڈ نہیں الیکٹڈ جمہوری حکومتوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کو یہ ملک، اس کا آئین اورجمہوریت سب سے زیادہ عزیز ہیں۔ انہوں نت مزید کہا کہ ان کی جماعت اپنے بانی کے فلسفے و منشور پر سختی سے کاربند ہے کہ اسلام ہمارا دین ہے، سوشلزم ہماری معیشت ہے، جمہوریت ہماری سیاست ہے اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کے دن ہر جیالے کو یہ عہد کرنا ہوگا کہ فکرِ بھٹو کی روشنی میں عوام کے حقِ حاکمیت، خواتین کی آزادی، اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے، جمہوری اداروں کو بااختیار و طاقتور بنانے کے ذریعے ملک کو فلاحی اور مضبوط جمہوری ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گا۔ پی پی پی چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعت قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے دیئے ہوئے 1973ع کے آئین پر ہونے والے ہر حملے کو ناکام بناتی رہی گی، کیونکہ یہ دستور 23 کروڑ پاکستانیوں کے شہری حقوق اور آزادیوں کی ضمانت اور قومی ہم آہنگی و اتحاد کی بنیاد ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے قائدین شہید ذوالفقار علی بھٹو، بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کی عظیم جدوجہد اور لازوال قربانیوں پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے پارٹی کے 55 سالوں پر محیط جدوجہد کے دوران اپنی جانوں کی قربانیاں دینے والے جیالوں کو خراج عقیدت، جلاوطنی اور قید و بند کی صعوبتیں برداشت کرنے والے رہنماوں و کارکنان کو سلام پیش کیا ہے۔